اِس چھوٹے سے شہر میں یہ واقعہ بہت عجیب تھا اِس لیے بات جلدی پھیل گئی ۔ شہر کی ایک گمنام سی بستی کو جانے والے راستے پر ایک آدمی تقریباً بیہوشی کی حالت میں سڑک کے کنارے پڑا ہوا ملا۔یہ کسی اچھے گھرانے کا ادھیڑ عمر شخص تھا،سرخ و سپید چہرے سے اُس کی صحت مندی کا اندازہ لگایاجا سکتا تھا ،موسم کے مطابق اُس کا لباس بھی موزوں تھا مگر حیرت کی بات یہ تھی کہ اُس کے کپڑے گیلے تھے ، یوں لگتا تھا جیسے وہ کہیں سے نہا کر آیا ہو۔جب اسے ہوش میں لایا گیا تو وہ کئی منٹ تک خالی خالی نظروں سے ادھر ادھر دیکھتا ریا،پھر جب اُس کے اوسان بحال ہوئے تو اُس نے اپنی حالت کی جو وجہ بیان کی وہ ناقابل یقین تھی ۔ اُس نے بتایا کہ وہ حسب معمول رات کو گھر سے چہل قدمی کے لیے نکلا تھا ، چند منٹ کی ٹہل کے بعد جب وہ واپس جانے کے لیے مڑا تو اسے یوں لگا جیسے کسی مقناطیسی قوت نے ایک لمحے کے لیے اسے اوپر اٹھا یا اور پھر یکدم واپس زمین پر پٹخ دیا ہو۔اپنے گیلے کپڑو ں کے بارے میں وہ کوئی توجیہہ پیش نہ کرسکا ، کسی نے کہا کہ شاید وہ نہر میں گر گیا ہوگا مگر یہ بات بے سروپا تھی کیونکہ جہاں یہ واقعہ پیش آیا تھا، نہر وہاں سے تقریباً دس میل دور تھی۔بات جو بھی ہو، زیادہ تر لوگو ں نے اِس واقعے پر یقین نہیں کیا جبکہ کچھ لوگو ں کا خیال تھا کہ اُس شخص پر کسی آسیب نے اثر دکھایا ہے۔

شہر کے لوگ شاید یہ بات بھول بھال جاتے مگر پھر پے درپے کچھ ایسے واقعات ہونے لگے کہ انہیں اِس واقعے کا بھی یقین آگیا۔دارالخلافہ کو جانے والی شاہراہ پر اچانک ایک گاڑی چلتے چلتے بے قابو ہو گئی اور اپنے آگے پیچھے چلنے والی گاڑیو ں سے ٹکرا گئی ۔ ڈرائیور کے مطابق گاڑی چلاتے ہوئے اچانک اسے یوں لگا جیسے اُس کے اسٹیرنگ ویل پر کسی نے قبضہ کر لیا ہو،وہ گاڑی کو دائیں طرف گھماتا تو وہ بائیں طرف مُڑ جاتی اور بریک لگاتا تو تیز بھاگنے لگتی۔اسی روز شہر کے واحد تھیٹر میں بھی ایک عجیب و غریب واقعے نے ہراس پھیلا دیا ۔ تماشے کے دوران جو اداکار مکالمے بول رہا تھا اچانک اُس کی آواز دھیمی ہونا شروع ہو گئی ،تماش بینوں نے سمجھا کہ شاید یہ بھی کسی قسم کی اداکاری ہے مگر انہوںنے غور کیا تو معلوم ہواکہ اداکار اپنا گلا پکڑے بیٹھا ہے اور شدید اذیت کا شکار ہے اور اُس کے گلے سے گھٹی گھٹی آوازیں نکل رہی ہیں ۔ تماشا فوراً روک دیا گیا ۔اگلے دن کے اخبار میں یہ تمام خبریں جلی حروف میں شائع ہوئیں۔اور پھر یہ سلسلہ چل نکلا ۔ روزانہ ایسے کسی واقعے کی اطلاع ملتی اور پھر آنا ً فاناً اُس واقعے کی خبر پورے شہر میں پھیل جاتی ۔ اِ س ماحول میں افواہوں کا بازار بھی گرم ہو گیا۔ لوگوں نے یہ خبریں اڑانی شروع کر دیں کہ ایسے تمام واقعات صرف اُن لوگو ں کے ساتھ پیش آ رہے ہیں جن کا تعلق بالائی اور مراعات یافتہ طبقے سے ہے سو یہ ایک قسم کا اُن پر خدا کا عذاب ہے ۔مگر جلد ہی اِن افواہو ں کا بھید کھُل گیا۔ایک واقعہ شہر کی سب سے بڑی عبادت گاہ کے عین سامنے اُس وقت پیش آیا جب لوگ وہا ں سے نکل رہے تھے ، انہی میں ایک بے حد متقی اور پرہیز گار شخص بھی تھا جسے سب پہچانتے تھے ، اچانک لوگو ں نے دیکھا کہ اُس شخص کے کپڑے جگہ جگہ سے پھٹنا شروع ہو گئے ہیں اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اُس کا لباس تار تار ہو گیا اور وہ لوگوں کے سامنے نیم برہنہ ہو گیا۔

اس چھوٹے سے شہر کے لوگ اب سراسیمگی کا شکار ہو چکے تھے ۔کچھ لوگو ں نے خود کو گھرو ں میں محصور کر لیا تھا اور کچھ لوگ اِس شہر سے نقل مکانی کا سوچ رہے تھے ۔ایسے میںچند بے خوف لوگ بھی تھے جو سراسیمگی کی اِس فضا میں بھی کاروبار زندگی جاری رکھے ہوئے تھے ، اِن لوگوں کا خیال تھا کہ یہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے دراصل شہر کے باسیوں کومستقلاً ایک انجانے خوف میںرکھنے کے لیے ہو رہا ہے تاکہ اُن کی زندگیو ں پر مکمل اختیار حاصل کیا جا سکے۔ اِن لوگوں نے شہر کے باسیوں کو سمجھانے کی کوشش کی کہ ہر طاقت کی کوئی نہ کوئی حد ضرور ہوتی ہے لہٰذا کوئی طریقہ وضع کرکے اِس ان دیکھی طاقت کی حدود کو جاننے کی کوشش کرنی چاہیے ، صرف اِسی صورت میں شہر کو اِس انجانے خوف سے نجات د لائی جا سکتی ہے۔ مگر اِن لوگوں کی بات نقار خانے میں طوطی کی آواز ثابت ہوئی ۔شہر کے زیاد ہ تر لوگو ں نے حالات سے سمجھوتہ کر لیا ۔ لوگ اب بلا ضرورت باہر نہیں نکلتے تھے ، وہ صرف اپنے کام پر جاتے اور سیدھے گھر واپس آ جاتے،انہیں اب کسی کھیل تماشے سے رغبت نہیں رہی تھی ،ہر قسم کی محفل میں اٹھنا بیٹھنا بھی انہوں نے چھوڑ دیا تھا ،ویسے بھی شہر میں اب کوئی تھیٹر رہا تھا اور نہ کوئی تفریح گاہ، سر شام ہی ہُو کا عالم طاری ہو جاتا اور لوگ اپنے اپنے گھروں کو لوٹنے کی فکر کرنے لگتے۔ میلے ٹھیلے اور تہوار بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئے تھے۔اگر کہیں کوئی تہوار منایا بھی جاتا تو لوگ اُ س میں میکانکی انداز میں ہی شرکت کرتے ، انہیں ہر دم یہ خوف لاحق رہتا کہ کہیں کوئی مقناطیسی قوت انہیں اٹھا کر زمین پر نہ پٹخ دے، اُن کا گلا نہ گھونٹ دے یا انہیں سر عام برہنہ نہ کردے!

شہر کے لوگو ں کا خیال تھا کہ جلد یا بدیر انہیں اِس عفریت سے نجات دلانے کے لیے کوئی مسیحا ضرور آئے گالیکن کوئی مسیحا نہ آیا۔ اور پھر یوں ہوا کہ خوف کی فضا کے زیر اثر اس شہر کے لوگ آہستہ آہستہ لاغر اور پستہ قد ہونے لگے اور پھردیکھتے ہی دیکھتے بونے ہوگئے۔یہ شہر اب بونوں کا شہر کہلاتا ہے ۔اس شہر میں صرف گنتی کے چند لوگ ہیں جو پورے قد کے ساتھ بلا خوف اب بھی کھڑے ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے شہر کے باسیو ں کو حوصلہ دلانے کی کوشش کی تھی۔بونے حیرت سے انہیں دیکھتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ آخر یہ اب تک بونے کیو ں نہیں بنے!

(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)

آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کاحکم دے دیا۔

لاہور میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ نے بچی کی جان لے لی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی ہے

برطانیہ بھر میں 24 گھنٹوں میں کورونا سے 1 ہزار 295 افراد ہلاک ہوگئے

ٹرمپ حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔

خبر ایجنسی کے مطابق چین کی مقامی فوڈ کمپنی کے 4 ہزار 836 ڈبوں کے آلودہ ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی جس میں سے 2 ہزار 89 ڈبوں کو سیل کر دیا گیا

واٹس ایپ نے یہ فیصلہ ڈیٹا شیئرنگ سے متعلق صارفین کے خدشات اور متبادل ایپس ’ٹیلی گرام ‘ اور ’سگنل‘ پر صارفین کے تیزی سے منتقل ہونے کے بعد کیا

ٹوبہ ٹیک سنگھ موٹروے ایم فور انٹرچینج کے نزدیک شدید دھند کے باعث کار ٹریلر سے ٹکرا گئی۔

تفتیشی حکام کے مطابق زین آفندی قتل کیس میں گرفتار ملزمان کا ریکارڈ پولیس نے حاصل کر لیا ہے ملزمان نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔

54مسافر براستہ دوحہ آج رات 1 بجکر 40 منٹ پر وطن پہنچیں گے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی پارٹی مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صحت ٹھیک ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

محکمہ معدنیات کا کہنا ہے کہ حکومت کانکنوں کی حفاظت کیلئے نئی ایس او پیز بنا رہی ہے ،نئی ایس او پیز تک کچھ مائنز اونروں نے کوئلہ کانیں بند کردی ہیں۔

ادھر ڈی ایف او وائلڈ لائف کے مطابق بظاہر یہ واقعہ ایبٹ آباد کی حدود میں پیش آیا ہے

محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو صوبے میں 668 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے، ان ٹیسٹ کے نتیجے میں صوبے کے 5 اضلاع سے 32 نئے کیسز سامنے آئے۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حسن کے مطابق الطاف کالونی میں پولیو ٹیم تین روزہ مہم میں رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلانے گئی تھی جس پر اہل علاقہ نے خواتین کے ساتھ مل کر ٹیم پرحملہ کردیا

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نےپی ٹی آئی حکومت اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو ناکام قرار دیدیا ہے۔


Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *